پنجاب: گرانفروشی پر 49 افراد گرفتار، 68 مقدمات درج

لاہور(پبلک نیوز) رواں ماہ پنجاب کے مختلف شہروں میں گرانفروشی پر 49 افراد گرفتار کر لیے گئے ہیں جبکہ 68 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

وزیر اعظم کی ہدایت پر پنجاب میں گرانفروشوں، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا، ناجائز منافع خوروں کو تقریبا دو کروڑ 38 لاکھ روپے کے جرمانے بھی کئے گئے، 10594 بوری چینی، 2367 بوری چاول، 1537 ذخیرہ شدہ آٹے کے تھیلے بھی برآمد کیے گئے۔ کارروائی میں 1393 لیٹر کوکنگ آئل، 5770 کلوگرام ذخیرہ شدہ گھی ضبط کر لیا گیا ہے۔اس کے علاوہ 41 ہول سیلرز ذخیرہ اندوزی میں ملوث پائے گئے،جس پر 13 گوداموں کو سیل کیا گیا۔

کریک ڈاؤن سے متعلق رپورٹ سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس میں پیش کی گئی۔ اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی نے کی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب، صنعت، زراعت کے سیکرٹریز، کمشنر لاہور نے بھی شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مارکیٹ میں چینی کی سپلائی بہتر بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے، رمضان میں عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، اشیاء کی طلب اور رسد کو مد نظر رکھتے ہوئے پیشگی منصوبہ بندی از حد ضروری ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق اشیاء کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا اور اشیاء کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں