پی سی بی کے ہال آف فیم میں عمران خان بھی شامل

11:40 AM, 12 Apr, 2021

حسان عبداللہ

پاکستان کرکٹ کے لیجنڈری پلیئرز کی خدمات کا اعتراف کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز نے متفقہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم کے اجراء کی منظوری دے دی ہے۔

ابتدائی طور پر آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں شامل 6 کھلاڑیوں کو پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کیا گیا ہے، سن 2021 سے ہر سال مزید تین کھلاڑی اس میں شامل ہوں گے جن کا انتخاب ایک آزاد پینل کرے گا۔ ہال آف فیم کی 3 شخصیات کا اعلان ہر سال 16 اکتوبر کو کیا جائے گا کیونکہ اسی تاریخ کو قومی ٹیم نے 1952 میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔

انٹرنیشنل کرکٹ سے کم ازکم پانچ سال پہلے ریٹائر ہونے والے کھلاڑی پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہونے کے اہل ہوں گے۔ پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ٹیسٹ کی حیثیت حاصل کرنے کے بعد سے پاکستان نے عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز تیار کیے ہیں جنہوں دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، ان کھلاڑیوں نے عالمی کرکٹ پر بھی اپنے اثرات چھوڑے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ چھ آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیمرز کو ابتدائی طور پر اس میں شامل کیا گیا ہے جس میں حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم، وقار یونس اور ظہیر عباس شامل ہیں۔ جبکہ ہرسال 16 اکتوبر تین مزید کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔

مزیدخبریں