عدالتی فیصلوں پر عمل نہ ہوا تو لوگ سڑکوں پرنکلیں گے، فوادچودھری

04:39 PM, 12 Apr, 2023

احمد علی
لاہور : پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ اگر عدالتی فیصلوں پر عمل نہ ہوا تو لوگ سڑکوں پر نکلیں گے اور اپنے حقوق مانگیں گے ۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ زمان پارک کے آپریشن کو قانونی پہلو سے چیک کرنے کی ضرورت ہے ، پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات لگائی گئیں ہیں ، کارکنوں پر اے ٹی سی کی دفعات سپریم کورٹ کے 7 رکنی بینچ کے فیصلہ کے منافی ہیں ، لاہور ہائیکورٹ میں آج ہماری رٹ کو سماعت کیلئے منظور کر لیا گیا ہے ، جے آئی ٹی کو غیر آئینی طریقے سے بنایا گیا ہے ، بروز پیر سے ہماری درخواست پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم عدالتوں کے فیصلوں کو مانتے ہیں ، قاسم سوری کی رولنگ کو عدالت نے غیر قانونی قرار دیا تھا ، مانا ہم نے ، کوئی بھی شخص یہ نہیں کہہ سکتا کہ عدالت کے حکم کو نہیں مانتے ہیں ، ہم مسلم لیگ ن یا پاکستان پیپلز پارٹی نہیں ہیں کہ عدالتی فیصلے کو تسلیم نہ کریں ، سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت ہی الیکشن کیلئے وفاقی حکومت کو فنڈز جاری کرنا ہیں ، فنڈز جاری نہ کرنے کی صورت میں وزیراعظم اور کابینہ نااہل ہوں گے ، سپریم کورٹ فیصلے پر عمل درآمد نہ کرا سکی تو بطور ادارہ اس کا وجود بھی ختم ہو جائے گا ، دو ہی صورتیں ہیں کہ یا تو الیکشنز ہوں گے یا پھر وزیراعظم اور کابینہ گھر جائے گی ۔ رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم عمرا ن خان کی گھڑی پر کیس بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے فنڈنگ معاملات کہاں گئےہیں ؟، شریف اور زرداری خاندان نے کروڑوں کی گاڑیاں مفت لے لیں ہیں ، توشہ خانہ کا ریکارڈ بھی سامنے نہیں لایا جارہا ہے ، مسلم لیگ ن نے 1 ارب روپے کے لگ بھگ میڈیا مہم پر خرچ کیا ہے ، کہاں سے آئی ہے وہ فنڈنگ ؟ الیکشن کمیشن ن لیگ کی فنڈنگ معاملات کو چھپانا چاہ رہا ہے، الیکشن کمیشن کو اور ن لیگ کی فنڈنگ کے معاملات سامنے رکھنے چاہئیں ۔ فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے پیپلزپارٹی کے آگے کراچی کے عوام کو بیچ دیا ہے ، نئی مردم شماری ایم کیو ایم کے مطالبے پر ہی ہو رہی ہے ، اس پر 45 ارب روپے خرچ ہوئے، حیدرآباد اور کراچی کی مردم شماری میں 29 لاکھ کا فرق رہ گیا ہے، نئی مردم شماری پر گئے تو کراچی کی 2 سیٹیں کم ہو جائیں گی، 5 سے 6 وزیروں نے خود کو پاکستان پیپلز پارٹی کے آگے بیچا ہے، ایم کیو ایم کے چار پانچ وزیر فروخت بھی ہو جائیں تو کوئی فرق نہیں پڑتا، ہم کراچی کے عوام کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں، ہم کراچی کے عوام کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ انہیں انصاف دلائیں گے ۔
مزیدخبریں