پبلک نیوز: سرحدوں پر حفاظت کے لیے مامور فوجی جوان داد کے مستحق ہیں جو عید کے موقع پر اپنے پیاروں کو چھوڑ کر ملکی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔
تفصیلا ت کے مطابق پاک فوج کے جرّی جوانوں کے بلند حوصلوں کو سراہتے ہوئے ونگ کمانڈر کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے فوجی جوان ہیں جو پیٹرولنگ کے لئے تعینات ہیں،ہمارے ٹریننگ گیٹ میں جوانوں کو پیٹرولنگ سے متعلق معلومات فراہم کی جاتی ہیں،پیٹرولنگ کے بعد ہمارے جوانوں کو دشمن سے متعلق قبل از وقت معلومات فراہم ہو جاتی ہیں جس سے وہ مستقبل کا لائحہ عمل طے کرتے ہیں۔
ونگ کمانڈر کا کہناہے کہ میرے جوان موسموں کی پرواہ کئے بغیر ملک کی خاطر اپنی ڈیوٹی سر انجام دیتے ہیں، مجھے ان پہ فخر ہے۔
سرحد پر دوران ڈیوٹی مامور فوجی جوانوں کا عید کے پر مسرت موقع پر اپنے احساسات کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج عید کا خوبصورت دن ہے جو کہ تمام مسلمانوں کے لیے بہت بڑا تہوار ہے،ہم ادھر عید بہت اچھے طریقے سے گزار رہے ہیں کیونکہ ہم اپنے جوانوں اور دوستوں کے ساتھ دشمن کے سامنے سینہ سپر ہیں۔
سپاہی کا کہنا ہے کہ بے شک فیملی کے ساتھ خون کا رشتہ ہوتا ہے اور وہ بہت یاد آتے ہیں لیکن اس سے زیادہ میں یہ خوشی محسوس کرنا چاہتا ہوں کہ میں اپنے ملک کے دفاع کی خاطر کھڑا ہوں، آج عید کے موقع پر میں اپنے جوانوں کے ساتھ بےحد جوش و فروش سے عید منا رہا ہوں،ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ پاکستانی عوام ہمارے لیے دعا گو ہے اور پاکستانی عوام کو میرا یہ پیغام ہے کہ وہ ہمیشہ پاک فوج کے لیے دعا گو رہے۔
سپاہی کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنی قوم کے لیے ہمیشہ ہر قدم سرحد پر دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے اور ان کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں،دشمن کے لیے میرا پیغام ہے کہ وہ ہمارے ملک کی طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھے کیونکہ ہم ہر وقت ہر قدم دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں،اگر دشمن نے کوئی بھی غلط حرکت کی تو ہم اس کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔
بحیثیت قوم ہمارا فرض ہے کہ عید کی خوشیوں میں ہم ملکی سرحدوں کی حفاظت پر مامور فوجی جوانوں کو بھی یاد رکھیں۔