مریم نواز نے غلط تاثر دیا،وہ جنید کی شادی میں شریک ہونگی
06:04 AM, 12 Aug, 2021
لندن ( ویب ڈیسک ) شریف خاندان نے جنید صفدر کے نکاح کی تقریب کو خفیہ رکھنے کا منصوبہ بنایا تھا مگر صحافیوں کو معلوم ہو گیا تو یہ تقریب کا اعلان کرنا پڑا ، یہ نکاح کی تقریب ہو گی جو لندن کے پانچ ستارہ ہوٹل میں ہو گی جبکہ رخصتی اور شادی کی تقریب کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کے صاحبزادے جنید صفدر کے نکاح کی تقریب لندن کے پانچ ستارہ ہوٹل لینز برو میں ہو رہی ہے یہ ہوٹل پارک لین کے قریب ہے، سیف الرحمن کا خاندان قطر کا رہائشی ہے جو اگلے دو دن میں قطر سے لندن پہنچ جائے گا ۔ تقریب میں 100 لوگوں کو مدعو کیا گیا ہے، مریم نواز شریف نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے میڈیا میں یہ تاثر دیا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کی شادی میں شرکت نہیں کر پائیں مگر دراصل ابھی شادی نہیں صرف نکاح کی رسم ہو گی اور شادی کی تقریب اور رخصتی بعد میں مریم نواز کی موجودگی میں ہی ہو گی۔ نکاح کی تقریب میں دونوں خاندانوں کے قریبی رشتہ داروں، پارٹی رہنما شرکت کریں گے، سیف الرحمن خاندان کے تقریباً تیس افراد شادی میں شریک ہوں گے جبکہ باقی افراد پارٹی کے رہنما اور شریف خاندان ہوں گے، شریف خاندان کے ذرائع نے بتایا ہے کہ شادی کی تقریب کو مختصر رکھا جائے گا، اور یہ صرف نکاح ہے اور شادی کی تقریب بعد میں ہو گی۔ لندن کے صحافتی حلقوں کے مطابق شریف خاندان کا اس نکاح کی تقریب کو خفیہ رکھنے کا منصوبہ تھا لیکن ایک ہفتے قبل ہی صحافیوں کو معلوم ہو گیا تھا اس لئے شریف خاندان نے باضابطہ طور پر میڈیا کو اس نکاح کی اطلاع دیدی ۔ یہ نکاح کی تقریب ہو گی اور ابھی رخصتی نہیں ہو گی ۔ میڈیا کو پتہ لگنے کے بعد مریم نواز شریف اور کیپٹن(ر) صفدر نے فیصلہ کیا کہ وہ اس شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے درخواست بھی نہیں دیں گے اور بعد ازاں جب بیٹے کی شادی کی تقریب ہو گی اور رخصتی ہو گی تو وہ اس فنکشن کو اس وقت رکھیں گے جب پابندیاں نرم ہو جائیں گی۔