سینئر پاکستانی اداکارہ دردانہ بٹ انتقال کر گئیں

03:30 PM, 12 Aug, 2021

شازیہ بشیر
ویب ڈیسک: سینئر پاکستانی اداکارہ دردانہ بٹ 83 سال کی عمر میں جمعرات کو انتقال کر گئیں۔ وہ کورونا میں مبتلا تھیں اور ان کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ سماجی رابطوں کی ایپلی کیشن انسٹاگرام پر اداکار خالد ملک نے ایک پوسٹ میں دردانہ بٹ کی تصویر شیئر کی اور اداکارہ کے انتقال کی خبر دی۔ کیپشن میں لکھا کہ دردنہ (دودی) آپا اس دنیا سے واپس اپنے خالق کے پاس جا چکی ہیں۔ انھوں نے مزید لکھا کہ دردنہ بٹ عقلمند، مزاحیہ اور بصیرت مند تھیں جو اپنی اصل کی جانب لوٹ گئیں۔ خالد ملک کی شیئر کردہ پوسٹ پر اداکاروں اور اداکاراؤں سمیت چاہنے والے نے تعزیتی کمنٹس کیے اور ان کی مغفرت کے لیے دعائیں بھی کیں۔ دردانہ بٹ نے 9 مئی 1938 کو لاہور میں جنم لیا۔ انھوں نے 70 کی دہائی کے اوائل میں اپنے اداکاری کے سفر کا آغاز کیا۔ آنگن ٹیڑھا، رسوائی اور تنہائیاں جیسے مشہور ڈراموں میں نمایاں کردار کرنے پر ان کو پذیرائی ملی۔ ڈراموں میں کام کرنے کے علاوہ انھوں نے بالو ماہی، پرے ہٹ لو، عشق پوزیٹو اور دل دیاں گلاں جیسی فلموں میں بھی کام کیا۔ دردانہ بٹ کے انتقال پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے خصوصی طور پر تعزیتی پیغامات جاری کیے گئے۔
مزیدخبریں