قومی ہیرو ’ارشد ندیم‘ کا وطن واپسی پر شاندار استقبال
04:00 PM, 12 Aug, 2021
میاں چنوں (ویب ڈیسک) قومی ہیرو اولمپیئن ارشد ندیم اپنے آبائی شہر میاں چنوں پہنچ گئے ہیں۔ عوام کی جانب سے پاکستانی ایتھلیٹ کا شاندار استقبال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپیئن میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والے پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم پاکستان پہنچ گئے۔ وہ جیسے ہی اپنے آبائی شہر میاں چنوں پہنچے تو عوام کی کثیر تعداد نے اُن کا شاندار استقبال کیا۔ ایتھلیٹ پر جگہ جگہ عوام نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ ہار پہنائے اور ' ارشد ندیم زندہ آباد' کے نعرے بھی لگاتے رہے۔ نوجوانوں کی جانب سے ارشد ندیم کے ساتھ سیلفیز بھی بنائیں۔ ارشد ندیم اپنے لوگوں کا پیار دیکھ کر خوش دکھائی دیئے۔ شاندار استقبال پر اپنے پاکستانی اور علاقہ کے بھائیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ مزید کمیوں کو دور کر کے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل لائیں گے۔ عوام کی جانب سے والہانہ استقبال اور پیار دیکھ کر وہ قوم کا بے حد مشکور ہوں۔