واہ کینٹ: پاکستان آرڈیننس فیکٹری میں دھماکہ, 3 جاں بحق

06:00 PM, 12 Aug, 2021

احمد علی
واہ کینٹ ( پبلک نیوز) پاکستان آرڈیننس فیکٹری میں زور دار دھماکہ، دھماکے سے قریبی عمارتوں اور گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان آرڈیننس فیکٹری میں زور دار دھماکہ ہونے کی اطلاعات ہیں جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکہ سے قریبی علاقے لرز اٹھے۔ گردونواح میں واقع عمارتوں اور گھروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فضا میں دھوئیں کے بادل چھا گئے ہیں اور لوگوں کا جم غفیر گدوال موڑ کے نزدیک جمع ہو چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دھماکہ گدوال ایکسپلوزیو فیکٹری میں ہوا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کے پلانٹ میں فنی خرابی کے باعث دھماکہ ہوا۔ پی او ایف واہ میں حادثہ سے 3 اہلکار جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوئے۔ جائے حادثہ کو کلئیر کروا لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پی او ایف ٹیکنیکل ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے صورتحال پر قابو پایا۔ دو زخمیوں کو پی او ایف ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
مزیدخبریں