لاہور ہائیکورٹ: پی ٹی آئی کا جلسہ رکوانے کیلئے درخواست دائر

06:48 AM, 12 Aug, 2022

احمد علی
وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ نے تحریک انصاف کا جلسہ رکوانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے وکیل کے ذریعے پٹیشن دائر کر دی ہے۔ درخواست میں چیف سیکرٹری، ڈپٹی کمشنر اور تحریک انصاف کو فریق بنایا گیا ہے۔ عطا اللہ تارڑ نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ تحریک انصاف نے 13 اگست کو ہاکی گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کیا ہے۔ کھیلوں کے گراؤنڈز کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ عطا اللہ تارڑ نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ جلسے کے لیے آسٹروٹرف کو اکھاڑا جا رہا ہے۔ آسٹرو ٹرف کو اکھاڑنے اور بچھانے کے لیے کروڑوں روپے خرچ ہوں گے۔ لاہور ہائیکورٹ پی ٹی آئی کو اس اقدام سے روکے۔ دوسری جانب ہاکی سٹیڈیم کا آسٹرو ٹرف سیاسی مقاصد کے لیے اکھاڑنے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں بھی قرارداد جمع کرا دی گئی ہے۔ یہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کے رکن رانا منان خان کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ہاکی قومی کھیل ہونے کے باوجود زوال پذیر ہے۔ اس کی بہتری کی بجائے پی ٹی آئی ہاکی سٹیڈیم میں جلسہ کرنے جا رہی ہے۔ تحریک انصاف نے جلسے کے لئے دنیا کے خوبصورت ہاکی سٹیڈیم کا انتخاب کیا ہے۔ متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان ہاکی سٹیڈیم کا آسٹرو ٹرف اکھاڑنے کی مذمت کرتا ہے۔ پنجاب حکومت کا یہ اقدام پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی کا باعث بن گیا ہے۔ جلسہ فوری روکنے کا حکم جاری کیا جائے۔
مزیدخبریں