پرویزالہیٰ کو وزیر اعلی قرار دینے کے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل دائر
11:45 AM, 12 Aug, 2022
لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے پرویز الہیٰ کو وزیر اعلیٰ قرار دینے کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواست دائر کردی.درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ پرویز الہیٰ کو زیر اعلیٰ پنجاب قرار دینے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔ تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز نے نظر ثانی کی درخواست ایڈووکیٹ منصور اعوان کی وساطت دائر کی۔ سابق وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی درخواست میں پرویز الہیٰ اور سابق ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ پرویز الہیٰ کو زیر اعلیٰ پنجاب قرار دینے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور سابق ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کی رولنگ کو آئینی قرار دیا جائے۔ خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 26 جولائی کو چوہدری پرویز الہٰی کی درخواست منظور کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی رولنگ کالعدم قرار دے کر پرویز الہٰی کو پنجاب کا وزیراعلیٰ قرار دیا تھا۔