خورشید شاہ کا فلم میں ہیرو بننے کی خواہش کا اظہار

12:06 PM, 12 Aug, 2022

احمد علی
سکھر : وفاقی وزیر خورشید شاہ فلم میں ہیرو بننے کے خواہش مند نکلے۔ وفاقی وزیر خورشید شاہ نے سکھر کی اروڑ یونیورسٹی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔جہاں خوشید شاہ اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ یونیورسٹی میں شعبہ میوزک بنانے کا پلان کیا جارہا ہے تاکہ طالب علم اپنا روزگارخود تلاش کرسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نجی کمپنی سےفلم میکنگ پراجیکٹ کے حوالے سے ایم او یو سائن کرنے جارہے ہیں لیکن شرط یہ ہے کہ اس فلم میں ہیرو میں ہوں گا۔ خورشید شاہ کے بیان پرجامعہ کی وائس چانسلر ثمرین حسین نے بھی مذاقاً کہا کہ اگر ہیرو آپ ہوں گے تو ہیروئن مجھے بننا پڑے گا اس پر پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم حسین مجھے مار ڈالے گا، دونوں کے درمیان اس دلچسپ مکالمے کے بعد خوب قہقہے لگے۔ خیال رہےکہ اروڑ یونیورسٹی کی وی سی پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کی اہلیہ ہیں۔
مزیدخبریں