پاکستان اورترکیہ کےباہمی تجارتی تعلقات کےمزیداستحکام کےلئےگڈزان ٹریڈمعاہدے پردستخط
01:57 PM, 12 Aug, 2022
پاکستان اور ترکیہ نے باہمی تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے گڈزان ٹریڈ معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ وزیر تجارت سید نوید قمر اور ترکیہ کے وزیر تجارت ڈاکٹر محمت مش نے آج اسلام آباد میں ایک تقریب میں اس معاہدے پر دستخط کئے اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے معاہدے کو سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا اس معاہدے سے دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ دونوں طرف سے اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پر وزیراعظم نےمعاہدے پراس کی روح کے مطابق عملدرآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ترکیہ کے وزیر تجارت نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان گہرے تعلقات قائم ہیں۔ Mehmut Mus نے کہا کہ انہیں پختہ یقین ہے کہ اس معاہدے سے دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا اور یہ پانچ ارب ڈالر کے تجارتی حجم کے ہدف کے حصول میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے ہاں اشیا کی تجارت کےلئے رعایتیں دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کو پاکستان کےلئے 231 اشیا پر ٹیرف میں رعایت دی گئی ہے اسی طرح پاکستان کو130 اشیا پر ٹیرف کی رعایت ملی ہے۔ نوید قمر نے کہا کہ یہ معاہدہ محض ایک آغاز ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سے آزادانہ تجارت کے معاہدے کی راہ ہموار ہوگی۔ ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے ایک ٹویٹ میں اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آج ترکیہ کے ساتھ طے پانے والا تجارتی معاہدہ پانچ ارب ڈالر کے ابتدائی تجارتی ہدف کے حصول میں کلید ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت کے لامحدود مواقع موجود ہیں۔