لیہ؛ لڑکی سے زیادتی اور پورنوگرافی کا مبینہ سکینڈل ، 2 افراد گرفتار
02:52 PM, 12 Aug, 2022
لیہ میں لڑکی سے زیادتی اور پورنوگرافی کے مبینہ سکینڈل کا معاملہ، ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ لیہ پولیس نے واقعہ میں نامزد 7 میں سے 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ملزم ابرار اور شوکت کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔ وزیراعلی پنجاب اور آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی تھی۔ ترجمان پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔ واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کرنے کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی گئی۔ متاثرہ خاتون کے ڈی این اے سیمپلز فرانزک لیب کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔ واقعہ میں ملوث باقی ملزمان کو گرفتارکر کے تمام حقائق جلد سامنے لائے جائیں گے۔ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقاتی ٹیمیں واقعاتی اور فورنزک شہادتوں کی روشنی میں تفتیش آگے بڑھا رہی ہیں.