'سیاستدانوں کو سمجھاتا رہا اداروں کو زیربحث نہ لایا کریں'

06:07 PM, 12 Aug, 2022

احمد علی
لاہور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کو سمجھاتا رہا ہوں کہ اداروں کو زیربحث مت لایا کریں، یہ ملکی سلامتی کی ضامن ہے۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈنگ میں ہم حساب کتاب رکھنے پر پکڑے گئے، پارٹی سیکرٹری کے طور پر اسد قیصر اور سیما ضیا کو اکاؤنٹس کھولنے کا کہا تھا۔ امریکی قانون کے مطابق فنڈنگ کیلئے کمپنی بناناہوتی ہے، امریکا اور کینیڈا میں قانون کے مطابق کمپنی کھلوانے پر کہا کہ پرائیویٹ کمپنی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو کہتا رہتا ہوں چیزیں ٹھیک نہیں ہیں، پریشان ہوں ، خلیج بڑھتی جا رہی ہے، اس کوکم ہوناچاہیے۔ عارف علوی نے کہا کہ جتنی ملاقات اور فون پر شہباز شریف سے گفتگو ہوئی اتنی بطور وزیر اعظم عمران خان سے نہیں ہوئی، عمران خان میرے لیڈر اور میرے دوست ہیں ان سے واٹس ایپ پر رابطہ رہتاہے۔ ان کاکہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی 85 سمریاں آئیں، صرف 4 یا 5 کو روکا تھا، تمام پارٹیزکو مثبت اور اہم معاملات پر افہام و تفہیم پیدا کرنا چاہیے، سیاستدانوں کو سمجھاتا رہا ہوں کہ اداروں کو زیربحث مت لایا کریں، یہ ملکی سلامتی کی ضامن ہیں۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ چند ماہ پہلے تو تمام پارٹیاں جلدالیکشن کی بات کررہی تھیں،اب رائے بدلی ہے، الیکشن اچھاحل ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز مل بیٹھ کر طےکریں کہ کب الیکشن ہونے چاہئیں۔
مزیدخبریں