امریکا کی برتری کے ساتھ پیرس اولمپکس اختتام پذیر

09:47 AM, 12 Aug, 2024

ویب ڈیسک: فرانس کے دارالحکومت پیرس میں 17روز  تک جاری رہنے والے اولمپک گیمز اپنے اختتام کو پہنچ گئے ہیں، جنہیں سب سے کامیاب اولمپک گیمز میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا کی باسکٹ بال ٹیم نے ایک سنسنی خیز فائنل میں فرانس کو 66 کے مقابلے 67 سے شکست دے کر گیمز کا آخری گولڈ میڈل جیتا۔

مسلسل آٹھویں اولمپکس میں خواتین کی باسکٹ بال جیت کر امریکا کے پیرس اولمپکس میں حاصل کردہ طلائی تمغوں کی تعداد چین کے برابر یعنی 40 ہوگئی۔

تاہم مجموعی طور پر اولمپکس کے مختلف مقابلوں میں میڈلز کے ساتھ امریکا میڈل ٹیبل میں اول نمبر پر رہا جبکہ 91 میڈلز کے ساتھ چین نے دوسری پوزیشن پائی۔

امریکا نے 40 طلائی، 44 چاندی اور 42 کانسی کے تمغے حاصل کیے جبکہ چین 40 طلائی۔27 چاندی اور 24 کانسی کے تمغے جیت سکا۔

جاپان 20 طلائی، 12 چاندی اور 13 کانسی کے تمغوں کے ساتھ کُل 45 تمغے حاصل کر کے تیسرے نمبر پر رہا۔

آسٹریلیا 18 طلائی، 19 چاندی اور 16 کانسی کے تمغوں کے ساتھ مجموعی طور پر 53 تمغوں کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کر سکا۔

اس کے علاوہ میزبان ملک فرانس 16 طلائی، 26 چاندی اور 22 کانسی کے تمغوں کے ساتھ ٹوٹل 64 تمغے سمیٹ کر پانچویں پوزیشن پر براجمان ہوا۔

ایونٹ کے میڈل ٹیبل میں پاکستان ایک طلائی تمغے کے ساتھ 62ویں جبکہ بھارت ایک چاندی اور 5 کانسی کے تمغوں کے ساتھ 71واں نمبر حاصل کرسکا۔

17 روز تک جاری رہنے والے ان اولمپک گیمز کا اختتام ایک رنگا رنگ کلوزنگ سیئرمنی کے ساتھ ہوا۔

یہ اولمپکس پاکستان کے لیے اس لیے بھی یاد گار رہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ملک کے لیے ارشد ندیم نے جیولین تھرو کے مقابلے میں اولمپک ریکارڈ توڑتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا۔

مزیدخبریں