پاکستان کی خاطرتمام اختلافات بھلاسکتےہیں،وزیراعظم

01:21 PM, 12 Dec, 2022

احمد علی
اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، پاکستان کی خاطر تمام اختلافات بھلاسکتے ہیں۔ اسلام آباد میں وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی صدرعارف علوی سے ملاقاتیں میری اجازت سے ہوئیں، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک کیا سو قدم بھی آگے بڑھاسکتے ہیں، پاکستان کی ترقی کےلیے سب کو اپنی انا کو مارنا ہوگا۔ شہباز شریف نے کہا کہ جنرل(ر) قمرجاوید باجوہ عمران خان کے محسن تھے اور عمران خان محسن کش نکلے، نئے آرمی چیف کا کیریئر روشن ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے سپہ سالاراپنے دائرہ میں رہتے ہوئے ملک کی بھرپور خدمت کریں گے، امید کرتے ہیں کہ نئے آرمی چیف آئین کے مطابق ادارے کو مضبوط کریں گے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گذشتہ حکومت نے ہمارے خاندان کو بدنام کرنے کی ہر کوشش کی، بےبنیاد الزامات لگائے گئے، عمران خان اور اس کے حواریوں نے الزامات لگانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ این سی اےکی تحقیقات میں اللہ نےہمیں عزت دی اورکلین چٹ ملی۔ عمران خان نےگھڑی بیچی اور رسید بھی جعلی دکھائی، ڈیلی میل نے مجھ سے نہیں، پاکستان کے 22 کروڑ عوام سے معافی مانگی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے معیشت کو تباہ کردیا، مہم چلائی جارہی ہے کہ پاکستان دیوالیہ ہوجائے گا، پاکستان نے کبھی ڈیفالٹ کیا نہ کرے گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران نیازی سوچیں کہ وہ ایسے بیانات دے کر ملک کی کیا خدمت کررہے ہیں، پی ٹی آئی دورحکومت میں مہنگائی عروج پر پہنچی اور روپیہ نیچے گیا، عمران خان جاتے جاتے بارودی سرنگیں بچھاکر گئے۔
مزیدخبریں