واٹس ایپ کا صارفین کیلئے 'ویو ونس ٹیکسٹ ' فیچر متعارف کرانے کا فیصلہ

02:07 PM, 12 Dec, 2022

احمد علی
اس نئے فیچر سے صارفین ایسے تحریری پیغامات بھیج سکیں گے جو ایک بار پڑھنے کے بعد خودبخود غائب ہوجائیں گے۔ واٹس ایپ کی جانب سے اگست 2021 میں تصاویر اور ویڈیوز کی پرائیویسی اور ایپ کی میموری کو بچانے کیلئے 'ویو ونس' کا فیچر متعارف کرایا گیا تھا۔جس کے تحت بھیجی جانیوالی تصویر یا ویڈیو ایک بار کھلنے کے بعد چیٹ سے مکمل طور پر غائب ہوجاتی ہے۔لیکن اب اس میں مزید بہتر بناتے ہوئے ٹیکسٹ میسجز کو بھی اس فیچر کا حصہ بنایا جارہا ہے۔ واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo کے مطابق اینڈرائیڈ ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں اس فیچر کو بہتر بنانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔نئے فیچر سے واٹس ایپ صارفین ایسے تحریری پیغامات بھیج سکیں گے جو ایک بار پڑھنے کے بعد خودبخود غائب ہوجائیں گے۔ اس فیچر سے صارفین حساس معلومات جیسے پاس ورڈ یا کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات نہ صرف آسانی سے شیئر کرسکیں گے بلکہ اس کے لیک ہونے کا بھی خطرہ نہیں ہوگا۔ واٹس ایپ کی جانب سے جب ویو ونس فیچر متعارف کرایا گیا تھا تو کمپنی کا کہنا تھا کہ اس فیچر کو وائی فائی لاگ ان تفصیلات یا دیگر حساس تفصیلات کی تصاویر شیئر کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔ خیال رہے کہ واٹس ایپ میں پہلے ہی ڈس اپیئرنگ میسجز کا فیچر موجود ہے جس میں ٹیکسٹ میسج مخصوص وقت کے بعد غائب ہوجاتا ہے۔لیکن یہ نیا فیچر مکمل چیٹ کی بجائے کسی ایک مخصوص میسج کیلئے استعمال کیا جاسکے گا جو ایک بار دیکھے جانے کے بعد غائب ہوجائے گا۔ جب یہ فیچر صارفین کو ملے گا تو ایپ میں سینڈ بٹن کے ساتھ ایک تالے کا آئیکون نظر آئے گا۔اس فیچر پر ابھی کام کیا جا رہا ہے ، یہ ابھی بیٹا ورژن کے صارفین کو بھی دستیاب نہیں، تو ہوسکتا ہے کہ مزید کچھ تبدیلیاں کی جائیں۔ واضح رہے کہ اس وقت واٹس ایپ میں ویو ونس کے تحت بھیجی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز کے اسکرین شاٹ لینا ممکن نہیں، لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ٹیکسٹ میسجز کو بھی یہ سکیورٹی فراہم کی جائے گی یا نہیں۔
مزیدخبریں