ویب ڈیسک :نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائس آف امریکا کی سربراہی کے لئے فاکس نیوز کی سابق اینکر کاری لیک کو نامزد کیا ہے۔
امریکا کا سرکاری موقف نشر کرنیوالے اطلاعات ونشریات کے عالمی براڈ کاسٹر ادارے وائس آف امریکا ( VOA) یا عرف عام میں ’’ وی او اے’’ آن لائن ، ڈیجیٹل، ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر 40 سے زیادہ زبانوں میں اپنی نشریات پیش اور شائع کرتا ہے۔
فینکس میں قائم ’’فاکس 10’’ کی سابق نیوز اینکر اور ایک سخت گیر ریپبلکن کاری لیک گزشتہ ماہ ایریزونا کی سینیٹ کی نشست جیتنے میں ناکام رہی تھیں 2022 میں وہ سوئنگ سٹیٹ ایریزونا میں گورنر کی دوڑ بھی ہار گئیں تھی تاہم اب وہ امریکی حکومت کے زیرانتظام میڈیا آؤٹ لیٹ وائس آف امریکہ کے ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں نبھائیں گی۔
ٹرمپ نے اپنی ٹرتھ سوشل سائٹ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ’’ کاری لیک اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ جعلی نیوز میڈیا کے ذریعے پھیلائے جانے والے جھوٹ کے برعکس آزادی اور آزادی کی امریکی اقدار کو دنیا بھر میں منصفانہ اور درست طریقے سے نشر کیا جائے، ۔’’
یادرہے اپنی مدت صدارت کے دوران، ٹرمپ ن VOA کے ساتھ مسلسل حالت جنگ میں رہے اور کورونا کے حوالے سے وائس آف امریکا پر چینی پروپیگنڈے کو بڑھاوا دینے کا الزام لگایا کیونکہ VOA نے کورونا کے خاتمے ووہان سٹی کے دوبارہ کھلنے کے موقع پر ایک لائٹ شو دکھایا، ووہان وہ چینی شہر ہے جہاں کورونا وائرس کی وبا پہلی بار سامنے آئی تھی۔