عمران خان نے ٹی ٹی پی  کیخلاف بیان دینے سے منع کردیا تھا، جاوید بدر کا تہلکہ خیز انکشاف

04:49 PM, 12 Dec, 2024

(ویب ڈیسک )  بانی  پاکستان تحریک انصاف  ( پی ٹی آئی) عمران خان کے سابق میڈیا کوآرڈینیٹر جاوید بدر  نے تہلکہ خیز انکشافات کردیے۔

جاوید بدر نے کہا کہ   عمران خان کی سرگرمیاں 2013 سے ہی مُلک دُشمن رہی ہیں، عمران خان کا جلد از جلد فوجی ٹرائل شروع ہونا چاہیئے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ  2013 میں پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا حکومت   ٹی ٹی پی کی مدد سے بنائی تھی، عمران خان نے پارٹی کو ٹی ٹی پی کے خلاف بیان دینے سے منع کردیا تھا،سوائےپی ٹی آئی کے ہر سیاسی پارٹی کی میٹنگ، جلسے پر بم دھماکے اور فائرنگ ہورہی تھی۔

جاوید بدر نے بتایا کہ عمران خان  نے مُجھے کہا کہ ٹی ٹی پی والوں سے میری بات ہوگئی ہے،وہ ہمیں مکمل  سپورٹ کریں گے اور صوبے میں کسی اور پارٹی کو کمپین نہیں کرنے دیں گے۔ میرے ذریعے پارٹی لیڈرز کو اُن کے خلاف بیان دینے سے روک دیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اقتدار کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، ٹی ٹی پی سے اُس وقت ہاتھ ملایا گیا جب وہ ہمارے شہریوں اور فوجیوں کو شہید کررہے تھے۔

جاوید بدر نے کہا کہ  دہشت گردوں سے مدد لینے والا کس طرح مُحب وطن ہوسکتا ہے، پی ٹی آئی کے ابھی تک دہشت گردوں کے ساتھ تعلقات ہیں، پی ٹی آئی کے ہر احتجاج میں دہشت گرد عناصر موجود ہوتے ہیں، عمران خان نے تبدیلی کے نام پر مُلک کے نوجوانوں کو ریاست کے خلاف استعمال کیا،  ڈرون حملوں کا سیاسی بیانیہ بنا کر دہش گردوں کی حمایت کی گئی۔

مزیدخبریں