ویب ڈیسک: بھارتی سپریم کورٹ میں عبادت گاہوں کے قانون کے خلاف درخواستوں کی سماعت، سپریم کورٹ نےعدالتوں کو مساجد کے سروے سے متعلق درخواستوں پر حکم جاری کرنے سے روک دیا۔
تفصیلات کےمطابق بھارتی سپریم کورٹ میں آج عبادت گاہ قانون (پلیسز آف ورشپ ایکٹ) پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس سنجیو کھنہ نے کہا کہ عدالت اس معاملے کی سماعت کرے گی لیکن اگلی سماعت تک نئے مقدمات پر کوئی کارروائی نہ کی جائے، عدالت نے واضح کیا کہ نئے مقدمات دائر ہو سکتے ہیں لیکن عدالت ان پر کوئی سماعت یا کارروائی نہیں کرے گی۔
دریں اثنا، مرکزی حکومت کو ہدایت دی گئی کہ وہ چار ہفتوں کے اندر عدالت میں تمام زیر التوا درخواستوں پر اپنا جواب داخل کرے، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کتنے مقدمات ابھی زیر التوا ہیں،جن میں متھرا اور گیانواپی کے مقدمات بھی شامل ہیں۔
سماعت کے دوران چند وکلاء نے مختلف عدالتوں کی جانب سے دیے گئے سروے کے احکامات پر اعتراض ظاہر کیا لیکن سپریم کورٹ نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، ایک وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس وقت 10 مذہبی مقامات سے متعلق 18 مقدمات مختلف عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔
جسٹس کے وی وشواناتھن نے واضح کیا کہ اگر سپریم کورٹ میں کوئی معاملہ زیر سماعت ہے تو سول عدالتیں ان کے ساتھ مقابلہ نہیں کر سکتیں، چیف جسٹس نے یہ بھی کہا کہ چار ہفتوں میں مرکز جواب داخل کرے اور تمام فریقین کو ان جوابات پر اپنے اعتراضات جمع کرنے کے لیے وقت دیا جائے۔
چیف جسٹس سنجیو کھنہ نے تجویز دی کہ ایک پورٹل یا کوئی ایسا نظام ترتیب دیا جائے جہاں تمام جوابات آسانی سے دیکھے جا سکیں، اس پر سالیسٹر جنرل نے کہا کہ گوگل ڈرائیو لنک جیسا کوئی پلیٹ فارم استعمال کیا جا سکتا ہے، عدالت نے تمام فریقین کو مزید چار ہفتوں کا وقت دیا تاکہ وہ اپنے جوابات جمع کر سکیں۔