میراتھن ورلڈ ریکارڈ ہولڈر کوچ سمیت ٹریفک حادثہ میں ہلاک

12:04 PM, 12 Feb, 2024

ویب ڈیسک : میراتھن میں ورلڈ ریکارڈ بنانے والے کیلون کپٹم اور ان کے کوچ گرویس حاکیزیمانا مغربی کینیا میں پیش آنے والے کار حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 24 سالہ ایتھلیٹ کیلون کپٹم اتوار کی رات کو مغربی کینیا کے علاقے کیپٹاگیٹ سے ایلڈوریٹ کی جانب سفر کر رہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی۔
متعلقہ پولیس کمانڈر پیٹر مولنیج کا کہنا ہے کہ حادثہ اتوار کی رات کو گیارہ بجے پیش آیا ہے، گاڑی میں تین افراد سوار تھے جن میں سے دو کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی جبکہ ایک کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔
  پولیس کمانڈر نے تصدیق کی کہ ہلاک ہونے والوں میں ایتھلیٹ کیلون کپٹم اور ان کے کوچ شامل ہیں۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ کیلون کپٹم   ڈرائیونگ کر رہے تھے جب گاڑی قابو سے باہر ہوتے ہوئے الٹ گئی۔
ورلڈ ایتھلیٹکس کے صدر سیباسچین کو نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’اس تباہ کن نقصان پر صدمے میں ہیں اور غمزدہ ہیں۔‘
سیباسچین کو نے جاری پیغام میں کہا کہ ’ورلڈ اتھلیٹکس کی جانب سے اہل خانہ، دوستوں، ٹیم کے ساتھیوں اور کینیا کے عوام سے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔‘
’ایک انتہائی شاندار ایتھلیٹ ایک شاندار میراث چھوڑ کر گیا ہے۔ ہم اسے بہت زیادہ یاد کریں گے۔‘
گزشتہ سال اکتوبر میں کیلون کپٹم نے کم ترین وقت میں فاصلہ مکمل کر کے شکاگو میں ہونے والی مردوں کی میراتھن جیت لی تھی۔
 

مزیدخبریں