ویب ڈیسک:آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جب ویسٹ انڈین بیٹر الزاری جوزف کریز سے کچھ دوری کے فاصلے پر رن آؤٹ ہوگئے تاہم انہیں امپائر کی جانب سے آؤٹ نہ دیا گیا۔
ہوا کچھ یوں کہ آسٹریلیا کی جانب سے 242 رنز کے ہدف کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ کے دوران اننگز کے 18ویں اوور کی دوسری گیند پر الزاری جوزف نے شاٹ کھیلی اور پھر سنگل لیا۔
اس دوران فیلڈر نے گیند پکڑ کر نان سٹرائیکر اینڈ پر موجود بولر سپینسر جانسن کو پھینکی جنہوں نے روایتی طریقے سے الزاری جوزف کو رن آؤٹ کیا، تاہم بولر سمیت کسی بھی آسٹریلوی فیلڈر نے رن آؤٹ کی اپیل نہ کی۔
اس دوران جب رن آؤٹ کا ریپلے دیکھا گیا تو الزاری جوزف کریز سے باہر تھے اور اگر آسٹریلوی کھلاڑی اپیل کرتے تو وہ آسانی سے رن آؤٹ ہو جاتے، تاہم امپائر جیرارڈ ابوڈ نے انہیں آؤٹ نہ دیا۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری کی گئی ویڈیو میں امپائر جیرارڈ ابوڈ کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ کسی نے رن آؤٹ کی اپیل نہیں کی۔
اس دوران آسٹریلوی کھلاڑی ٹِم ڈیوڈ کہتے ہیں کہ ’میں سچ کہہ رہا ہوں کہ میں نے اپیل کی تھی۔‘