راولپنڈی میں افسوسناک واقعہ، قومی کھلاڑی محمد مصطفیٰ قتل

04:13 AM, 12 Jan, 2022

Rana Shahzad
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) راولپنڈی میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے تیراک محمد مصطفیٰ کو قتل کر دیا ہے۔ راولپنڈی پولیس کے مطابق یہ واقعہ گذشتہ روز پیش آیا۔ مقتول راولپنڈی میں جاتلی ٹائون کے علاقے ڈھوک فریال کا رہائشی تھا۔ محمد مصطفیٰ اپنے گھر کے باہر کھڑۓ تھے کہ اچانک نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کردی اور فرار ہو گئے۔ واقعہ کے فوری بعد محمد مصطفیٰ کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے۔ پولیس نے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے کیس کی مختلف پہلوئوں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔ خیال رہے کہ محمد مصطفیٰ کا شمار پاکستان کے ان ہونہار تیراکوں میں ہوتا تھا جنہوں نے انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کئی قومی اور بین الاقوامی سوئمنگ کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ سال 2021ء ابوظبی میں ہونے والے ورلڈ سوئمنگ چیمپئن شپ میں بھی محمد مصطفیٰ نے پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ مقتول کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ان کا کسی سے ذاتی تنازع یا دشمنی نہیں ہے۔ ہمیں نہیں پتا اس واقعے کے پیچھے کون لوگ ملوث ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تیراک محمد مصطفیٰ کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی پنجاب اور اعلیٰ حکام سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزموں کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لانے کا حکم دیدیا ہے۔
مزیدخبریں