پیپلز پارٹی نے حکمراں جماعت پی ٹی آئی کی اہم وکٹ اُڑا لی

12:39 PM, 12 Jan, 2022

Rana Shahzad
پیپلز پارٹی نے حکمراں جماعت پی ٹی آئی کی اہم وکٹ اُڑا لی۔ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری سے پی ٹی آئی کے این اے 92 سرگودھا کے ٹکٹ ہولڈر صاحبزادہ پیر نعیم الدین سیالوی نے ملاقات کی، سابق صدر آصف علی زرداری اور آستانہ عالیہ سیال کے صاحبزادہ نعیم الدین سیالوی کے درمیان زرداری ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔ صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد مرحوم پیر نصیر الدین سیالوی کے صاحبزادے پیر نعیم الدین سیالوی پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے۔ پیر نظام الدین سیالوی کے بھائی صاحبزادہ نعیم الدین سیالوی وفد کے ہمراہ پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہوئے۔ صدر آصف علی زرداری سے صاحبزادہ نعیم الدین سیالوی کی ملاقات کے موقع پر پی پی پی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف اور جنرل سیکریٹری حسن مرتضی موجود تھے، صدر آصف علی زرداری سے صاحبزادہ نعیم الدین سیالوی کی ملاقات کے موقع پر پی پی پی سرگودھا کے ڈویژنل صدر تسنیم قریشی، ضلعی صدر نعمان موہوٹہ، سٹی جنرل سیکریٹری میاں جاوید امجد اور حمید درانی بھی موجود تھے۔
مزیدخبریں