پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح 4.7 فیصد تک پہنچ گئی
06:23 PM, 12 Jan, 2022
اسلام آباد ( پبلک نیوز) پاکستان میں 4 ماہ بعد کورونا کیسز کی شرح چار اعشاریہ سات فیصد ریکارڈ کی گئی، دو ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ اموات میں بھی اضافہ ہو گیا، ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے، 10 کروڑ کے قریب افراد کو ویکسی نیشن کی ایک ڈوز لگ چکی۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز اور اموات میں اچانک اضافہ ہو گیا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 افراد انتقال کر گئے۔ 2 ہزار 74 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.70 فیصد رہی۔ ملک میں آخری مرتبہ 4.70 فیصد سے زائد کورونا کیسز 19 ستمبر 2021 کو ریکارڈ کیے گئے تھے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 446 افراد کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد اس وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد 12 لاکھ 59 ہزار 699 ہو گئی ہے۔ اس وقت ملک بھر 20 ہزار 562 افراد کووڈ کے باعث اسپتالوں اور گھروں میں زیرعلاج ہیں۔ 628 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے بچاو کے لیے ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے، 10 کروڑ کے قریب افراد کو ویکسی نیشن کی ایک ڈوز لگ چکی، 7 کروڑ 52 لاکھ سے زیادہ افراد کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے۔