وزیر اعظم کا گندم ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا اعلان

07:41 AM, 12 Jan, 2023

احمد علی
اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے آٹے کی مصنوعی قلت سے مہنگائی پیدا کرنے والوں کو سزا دینے کا اعلان کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت آٹے اور گندم کی مصنوعی قلت سےمتعلق ہنگامی اجلاس ہوا ہے ۔اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ملک میں گندم کے موجودہ ذخائر کا جائزہ لیا گیا ہے ، اجلاس کہا گیا ہے کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، صوبوں کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ پاسکو ذخائر سے گندم کی ترسیل تیز کر دی جائے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ 1.3ملین میٹرٹن درآمدی گندم کا اسٹاک بھی پہنچ گیا ہے ،جنوری کے اختتام تک مزید اتنا ہی گندم کا اسٹاک اور پہنچ جائے گا ۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، کسی کو گندم کی مصنوعی قلت کرکےناجائزمنافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے اپنے اور پاسکو ذخائر سے گندم کی فلور ملز تک بروقت رسائی کو یقینی بنائیں اور صوبے گندم کی بروقت ترسیل کے لئے اپنی گورننس کو بہتر بنائیں۔ پانچ دن میں چالیس کلو کےتھیلے پر1000 روپےکمی ہونا خوش آئند ہے، متعلقہ وفاقی وصوبائی ادارے گندم اور آٹے کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف اقدامات کریں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ حکومت عوام کے لئے آٹےکی مصنوعی قلت سے مہنگائی پیداکرنے والوں کو سزا دے گی ۔
مزیدخبریں