پی ایس ایل 9 کا شیڈول جاری،آغاز 17 فروری کو ہوگا
09:42 PM, 12 Jan, 2024
لاہور: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) 9 کا آغاز 17 فروری کو ہوگا۔ کراچی کا نیشنل بینک اسٹیڈیم پلے آف اور فائنل سمیت 11 میچوں کی میزبانی کرے گا۔ پہلا میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا۔ جاری شیڈول کے مطابق شائقین کا مقبول ترین ایونٹ چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ چھ ٹیموں پر مشتمل پی ایس ایل کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔ کراچی کا نیشنل بینک اسٹیڈیم گیارہ میچوں کی میزبانی کرے گا، لاہور کا قذافی سٹیڈیم اور راولپنڈی کا پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم نو نو میچز کی میزبانی کرے گے، ملتان میں شائقین پانچ میچز دیکھ سکیں گے۔ کنگز، قلندرز، سلطانز اور یونائیٹڈ اپنے ہوم گراؤنڈ پر پانچ میچز کھیلیں گی جبکہ پشاور زلمی چار میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں تین تین میچ کھیلے گی۔ایک میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 25 فروری کو ہوم سائیڈ سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم لاہور 17 سے 27 فروری تک 14 میچوں کی میزبانی کریں گے۔ 28 فروری سے 18 مارچ تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم 20 میچ کھیلے جائیں گے۔ اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ ایونٹ کی میزبانی کا فیصلہ ملک بھر کے شائقین کے لیے اعلیٰ درجے کی کرکٹ پیش کرنے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔