’لوڈشیڈنگ کی وجہ ترسیلی نظام کی کمزوری ہے‘
03:21 PM, 12 Jul, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کی اوسط کھپت 16ہزار میگا واٹ ہے۔ بجلی کی حالیہ ترسیل میں گزشتہ سال کی نسبت نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر فواد چودھری اور مشیر شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے شب و روز محنت کے بعد ساڑھے 24ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ پیداوار میں کمی نہیں بلکہ ترسیلی نظام کی کمزوری ہے۔ انھوں نے کہا کہ ترسیلی نظام کی کمزوریوں پر قابو پانے کے لیے کوشاں ہیں۔ ن لیگ کے دور کے مہنگے منصوبوں کے باعث گردشی قرضے قومی خزانے پر بڑا بوجھ ہیں۔ ن لیگ دور کے مہنگے معاہدوں سے گردشی قرضہ 400ارب روپے سالانہ بڑھ رہا ہے۔ موجودہ حکومت نے آرایل این جی کے سستے معاہدے کیے۔