غیر قانونی شناختی کارڈز بنانیوالے نادرا ملازمین کو جیل بھیج دیا گیا

03:35 PM, 12 Jul, 2021

شازیہ بشیر
کراچی ( پبلک نیوز) نادرا افسران کی جانب سے مبینہ رشوت لے کر غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ کے اجراء کے کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آ گئی۔ ایف آئی اے نے نادرا ملازمین کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کراچی کی عدالت میں پیش کر دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے 6 ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے سے کیس کا چالان طلب کرلیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو ملزمان کے کورونا ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کر دی۔ ملزمان میں نادرا افسر اشفاق خان، خیال خان محمد ابرہیم، عبدالوہاب اور افروز علی شامل ہیں۔ دیگر ملزمان میں محمد رسول اور اختر محمد شامل ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پر غیر قانونی طور پر برمی، افغانی اور ایرانی سمیت دیگر غیر ملکی افراد کو شناختی کارڈ بنا کر دینے کا الزام ہے۔ ملزمان کو ایف آئی اے ہیومن ٹریفکینگ سیل نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے خلاف ڈائریکٹری جنرل(ٹیکنیکل) کاشف نذیر خان کی شکایت پر کارروائی کی گئی ہے۔ افسران نے محمد رسول اور اس کے اہل خانہ کو غیر قانونی شناخت کارڈ جاری کیے۔
مزیدخبریں