یواین کی ہیومن رائٹس کونسل میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف پاکستان کی قرارداد منظور
04:16 PM, 12 Jul, 2023
اسلام آباد: اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف پاکستان کی قرارداد منظور کرلی گئی۔ پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں قرآن پاک کی بےحرمتی سمیت مذہبی منافرت کی مذمت اور قرآن پاک کی بے حرمتی میں ملوث عناصرکو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا گیا۔اس کے علاوہ قرار داد میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ ریاستیں مذہبی منافرت کی روک تھام کے لیے قوانین اپنائیں ۔ سلامتی کونسل میں پاکستان کی جانب سے قرارداد کی حمایت میں 28 ممالک نے ووٹ دیا جب کہ قرارداد کی 12 ارکان نے مخالفت کی جبکہ قرارداد پر7 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ امریکا اور یورپی یونین کی جانب سے سلامتی کونسل میں پاکستان کی جانب سے قرارداد کی مخالفت کی گئی۔ یاد رہے کہ سویڈن میں مسجد کے باہر عید الاضحیٰ کے روز قرآن پاک کو نذرآتش کرنے اور بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔جس کے بعد دنیا بھر میں مسلمان سراپا احتجاج ہیں ۔پاکستان میں بھی احتجاج کے طور پر حکومت کی طرف سے اس سلسلے میں یوم تقدیس قرآن بھی منایا گیا۔