واٹس ایپ نے کمیونٹی چیٹس میں اپنا فون نمبر چھپانے کا فیچر پیش کردیا

05:53 PM, 12 Jul, 2023

احمد علی
لاہور : (ویب ڈیسک) معروف مسیجنگ ایپ واٹس ایپ نے کمیونٹی چیٹس میں اپنا فون نمبر چھپانے کا فیچر پیش کردیا ہے۔ میٹا کی زیر ملکیت واٹس ایپ دنیا کی سب سے مشہور فوری پیغام رسانی ایپس میں سے ایک ہے۔ پچھلے کچھ مہینوں میں، واٹس ایپ نے بہت ساری نئے فیچرز شامل کیے ہیں ، جن میں بہتر پرائیویسی اور سیکیورٹی، ڈیٹا کو آسانی سے اینڈرائیڈ سے آئی او ایس منتقل کرنے کی صلاحیت اور بہت کچھ شامل ہے۔ اب، کمپنی کمیونٹی صارفین کے لیے بہتر رازداری پر کام کر رہی ہے۔ کمیونٹیز فیچر صارفین کو ایک مشترکہ موضوع پر گروپ بنانے دیتا ہے جس پر دوسرے بحث کر سکتے ہیں۔ یہ برانڈز اور مشہور شخصیات کے لیے ون وے کمیونیکیشن چینل بھی ہو سکتا ہے۔ تاہم، ایک بار جب کوئی صارف کسی کمیونٹی میں شامل ہو جاتا ہے، تو اس کے فون نمبر تک گروپ میں موجود دیگر افراد اس وقت رسائی حاصل کر سکتے ہیں جب وہ کوئی پیغام پوسٹ کرتے ہیں۔ WABetaInfo کے مطابق واٹس ایپ کسی کمیونٹی کے دوسرے شرکاء سے صارف کا فون نمبر چھپانے کا فیچر متعارف کرارہا ہے۔ واٹس ایپ کمیونٹیز کو ایک اضافی پرائیویسی لیئر کے طور پر فون نمبر چھپانے کا آپشن مل رہا ہے۔ فون نمبر پرائیویسی نامی ایک نیا فیچر کمیونٹی سیٹنگز میں فعال کیا جا سکتا ہے۔جس کے بعد صارف کا فون نمبر کمیونٹی میں کسی کو بھی نظر نہیں آتا ہے۔ تاہم اس میں ایک کیچ ہے، کمیونٹی کے مالکان کے فون نمبر ہمیشہ ان لوگوں کو نظر آتے ہیں جو اس کمیونٹی میں شامل ہوتے ہیں۔ صارفین کے پاس کمیونٹی ممبر کے فون نمبر کی درخواست کرنے کا اختیار بھی ہے ، ایک بار جب وہ اس کی درخواست کرتے ہیں، درخواست صارف کے پاس جاتی ہے، اور اگر وہ اس کی اجازت دیتے ہیں، تو ان کا فون نمبر اس صارف کو نظر آتا ہے جس نے اس کی درخواست کی تھی۔
مزیدخبریں