’’بڑی بڑی باتیں کرنا عمران خان کی عادت ہے‘‘
04:53 AM, 12 Jun, 2021
کراچی ( پبلک نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سال بدل گیا مگر عوام کے حالات نہ بدلے، بجٹ آگیا مگر غریب کے گھر کا چولہا آج تک بجھا ہوا ہے ٗ عوام جان چکے ہیں کہ بڑی بڑی باتیں کرنا عمران خان کی عادت ہے، وزیراعظم عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےایک بیان میں کہا کہ اگر مہنگائی تاریخی ہے، بیروزگاری تاریخی ہے، غربت تاریخی ہے تو بجٹ کیسے عوامی ہوسکتا ہے، جب پی ٹی آئی اپنا عوام دشمن بجٹ پیش کررہی تھی تو پارلیمان کے باہر سرکاری ملازمین مہنگائی کی دہائیاں دے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ 2021 کو پیش کرکے عمران خان نے اپنا غریب دشمن اور عوام دشمن ایجنڈا واضح کردیا، پاکستان پیپلزپارٹی عمران خان کو عوام کے معاشی قتل عام کی اجازت نہیں دے گی۔