پنجاب کے سالانہ بجٹ میں کیا کچھ ہو گا؟
04:30 PM, 12 Jun, 2021
لاہور (پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت آج وزیر اعلیٰ آفس میں 4 گھنٹے طویل اجلاس ہوا، جس میں نئے مالی سال 2021-22 کے بجٹ کے خد و خال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مختلف سیکٹرز میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹس اورترجیحات پر غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بجٹ کو فلاحی بجٹ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معاشی طور پر کمزور اورمحروم طبقے کی فلاح پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ہمارا یہ بجٹ عوام، کاشتکار، صنعتکار اور محنت کش دوست ہوگا۔ صوبے کے عوام کو بجٹ میں خوشخبریاں دیں گے اور عام آدمی کو بجٹ میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے ہر شعبہ زندگی کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پائیدار اقدامات کا حکم دیا، صوبے میں یکساں ترقی کے ویژن کے تحت سالانہ ترقیاتی پروگرام کو حقیقت پسندانہ رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کورونا وباء کے باعث ہیلتھ کے لئے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے۔ تعلیم، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، پینے کے صاف پانی او رسماجی شعبوں کی ترقی کو ترجیح دیں گے۔انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کا بجٹ اعداد و شمار کی بجائے صوبے کی حقیقی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا آئینہ دار ہونا چاہیئے اور بجٹ میں کفایت شعاری، بچت اور فنانشل ڈسپلن پر پورا فوکس رکھا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارنٹر شپ کے تحت فلاح عامہ کے منصوبوں کو فروغ دیا جائے گا اور جہاں ضروری ہو وہاں غیر ضروری اخراجات مزید کم کئے جائیں۔ بجٹ میں کمزور طبقوں پر کسی قسم کا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔ صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کیا ہے، بجٹ میں بھی تنخواہیں بڑھائیں گے۔ محصولات میں اضافے کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کا فوکس سماجی شعبوں اور پسماندہ علاقوں کی پائیدار و یکساں ترقی پر ہوگا اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فلاح عامہ کے منصوبوں میں علاقائی ضروریات کو مد نظر رکھاجائے۔اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو نئے مالی سال 2021-22 کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ترجیحات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2021-22 ء کی ترجیحات کے بارے میں بریفنگ دی گئی جبکہ سیکرٹری خزانہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے اہم خد و خال سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔