بلاول بھٹو کا او آئی سی جنرل سیکرٹری سے رابطہ ، اسلام فوبیا پر گفتگو

03:15 PM, 12 Jun, 2022

احمد علی
اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلامی تعاون کی تنظیم( او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابرہیم طحہٰ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلامی تعاون کی تنظیم( او آئی سی) وزرائے خارجہ کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابرہیم طحہٰ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ یہ بات چیت بھارت میں حکمران جماعت کی طرف سے اسلاموفوبیا کی کارروئیوں خاص طور پر بی جے پی کے دو سینئر عہدیداروں کی طرف سے پیغمبر اسلام ﷺکے خلاف توہین آمیزبیانات پر مرکوز رہی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بی جے پی کے اعلیٰ عہدیداروں کے توہین آمیز بیانات نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچائی ہے۔ بی جے پی کی جانب سے وضاحت کی کوشش، اور ذمہ دار افراد کے خلاف تاخیر سے کی جانے والی ’انضباطی‘ کارروائی، مسلم دنیا کے درد اور اضطراب کو کم نہیں کر سکتے۔ بلاول بھٹو نے تضحیک آمیز کلمات کے خلاف نماز جمعہ کے بعد پرامن احتجاجی مظاہروں کے دوران بھارتی حکام کی جانب سے ناروا سلوک کی بھی شدید مذمت کی جو کہ مسلمانوں پر بھارتی حکومت کے جاری ظلم و ستم کا تازہ ترین مظہرہے ۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے او آئی سی پر زور دیا کہ وہ ہندوستانی مسلمانوں کی جان، مال، عزت، جائیداد، ثقافت، ورثے اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں اور ہندوستان میں اسلامو فوبیا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لے۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے توہین آمیز بیانات اور بھارتی مسلمانوں پر تشدد کے مسلسل واقعات پرگہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کو اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ دونوں فریقوں نے اسلامو فوبیا پر اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں اور اعلانات کی یاددہانی کرائی اور ہندوستان میں اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے اور ہندوستانی مسلمانوں کی تکالیف کو کم کرنے کی راہ تلاش کرنے کے لیے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
مزیدخبریں