اسلام آباد(پبلک نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے سینیٹ میں پولنگ کی جگہ پر مبینہ خفیہ کیمرے لگائے جانے کے اپوزیشن کے الزام پر کہا کہ یہ چار چار کلو کا کیمرا فکسچرز کو توڑ کر لگایا ہوا ہے جو 50 میٹر دور سے نظر آتا ہے۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ یہ جاسوسی کیمرہ تو کسی صورت نہیں ہاں ان کے کسی بھرتی شدہ پٹواری نے بھونڈے طریقے سے ان کے لئے یہ کیمرے لگائے ہیں۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ تمام ایسے دوست جو صبح لیٹ سو کے اٹھتے ہیں وہ سیدھا گئے اور کیمرے نکال کر میڈیا پر رونا شروع کر دیا۔
یاد رہے کہ ایوان بالاء میں آج چیئرمین سینٹ کے لیے انتخاب ہو گا۔ چیئرمین سینیٹ کے لئے حکومتی امیدوار صادق سنجرانی اور پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ اس کےعلاوہ ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے لئے حکومتی امیدوار مرزا محمد آفریدی اور پی ڈی ایم کے عبدالغفورحیدری بھی مدمقابل ہونگے۔ ایوان کی کارروائی کے دوران48 نومنتخب سینیٹرز نے اپنے عہدوں کا حلف لے لیا۔