”آئین میں خفیہ ووٹ کا ذکر ہے خفیہ کیمروں کا نہیں“

09:02 AM, 12 Mar, 2021

حسان عبداللہ

لاہور(پبلک نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ آئین میں خفیہ ووٹ کا ذکر ہے خفیہ کیمروں کا نہیں، آر ٹی ایس اور ڈسکہ دھند کے بعد سینیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والے آخری جنگ ہار چکے ہیں۔

سینیٹ الیکشن میں پولنگ بوتھ پر مبینہ خفیہ کیمروں کی موجودگی پر اپوزیشن سراپا احتجاج ہے۔ مریم نواز نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے اپنے ٹویٹر پیگام میں کہا پارلیمنٹ اور اپوزیشن کے ووٹ چوروں کو این آر او دینے سے انکار کے بعد، الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے کندھے پر رکھ کر بندوق چلانے میں ناکامی کے بعد خفیہ کیمروں کے ذریعے آئین کی توہین ایک سنگین جرم ہے۔

مریم کا کہنا تھا کہ آر ٹی ایس اور ڈسکہ دھند کے بعد سینیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والے آخری جنگ ہار چکے ہیں، سپریم کورٹ سے منہ کی کھائی، آئینی ترمیم میں ناکام رہے، صدارتی آرڈینینس ردی کا ٹکڑا بن گیا تو خفیہ کیمروں والے مستری لے آئے۔ آئین میں خفیہ ووٹ کا ذکر ہے خفیہ کیمروں کا نہیں، ووٹ چورو شرم کرو اور کرسی چھوڑ دو۔

ایک اور ٹویٹ میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ عادی، سند یافتہ ووٹ چور ہر بار ووٹ چوری کا نیا طریقہ ڈھونڈ کر لاتا ہے مگر رنگے ہاتھوں پکڑا جاتا ہے، اب حالت اتنی پتلی ہو چکی ہے کہ جب ایجنسیوں سے فون کروا کر، گن پوائنٹ پر ووٹ لینے سے بھی بات نہیں بنی تو کیمرے لگا کر اپنے ہی ارکان کی جاسوسی کرنی پڑ گئی۔

مزیدخبریں