لاہور(پبلک نیوز) وزیر اعظم کی ہدایت پر پنجاب میں نا جائز منافع خوروں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری۔ رواں ماہ گرانفروشی پر29 افراد گرفتار،32مقدمات درج کئے گئے۔ گرانفروشوں کو 92 لاکھ روپے کے جرمانے بھی کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری صنعت، سی ای او اربن یونٹ، کمشنر لاہورڈویژن نے شرکت کی۔ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے. حسین جہانیاں گردیزی کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی ترجیح ہے۔ رمضان سے قبل اشیاء کی قیمتوں، طلب اور رسد پر کڑی نظر رکھی جائے۔
چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق نا جائز منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ مہنگائی سے عام آدمی سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے۔ مہنگائی کے مسئلے کے مستقل حل کے لئے پرائس کنٹرول کا مربوط نظام وضع کرنا ہوگا۔ مڈل مین کے کردار کو ختم کرنے سے اشیاء کی قیمتوں میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی کہ کسانوں کو فارمرز مارکیٹس قائم کرنے کے سلسلے میں تمام ضروری سہولیات مہیا کی جائیں۔ رمضان المبارک سے قبل کریک ڈاؤن تیز کرنے کیلئے پرائس مجسٹریٹس کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ بھی کہا گیا۔