مجرم ظاہر جعفر کے والدین سمیت 9ملزموں کی بریت چیلنج
10:46 AM, 12 Mar, 2022
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں نورمقدم قتل کیس میں 9ملزموں کی بریت کیخلاف اپیل دائر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں نورمقدم قتل کیس میں مجرم ظاہر جعفر کے والدین سمیت 9ملزموں کی بریت کو چیلنج کردیا گیا۔ مدعی مقدمہ کیجانب سے وکیل نے عدالت میں اپیل دائر کی۔ اپیل میں مجرم ظاہر جعفر کے والدین،سی ای او جبلپ تھراپی ورکس سمیت 6 ملزمان کی بریت کیخلاف بھی اپیل دائر کی گئی ہے۔اس کے علاوہ مدعی مقدمہ نے چوکیدارافتخار اور مالی جان محمد کو دیگردفعات کے تحت بھی سزا دینے کی اپیل کی گئی ہے۔ عدالت میں استدعا کی گئی ہے کہ ٹرائل کورٹ نے ملزمان کیخلاف ثبوت ہونے کے باوجود خلاف قانون بری کیا،ملزمان کی بریت ختم کرکے قانون کے تحت سزا دی جائے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج عطا ربانی نے نور مقدم قتل کیس میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو سزائے موت سنائی تھی۔