پشاور:دہشتگردوں کی پولیس موبائل پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید، ایک زخمی

09:12 AM, 12 Mar, 2024

ویب ڈیسک: ماہ رمضان کا آغاز ہوتے ہی دہشتگردی کا پہلا واقعہ سامنے آ گیا، پشاور میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پشاور کے علاقے مچنی گیٹ ڈاگ کارہ میں پیش آیا جہاں پولیس موبائل معمول کی گشت پر تھی کی اس دوران نامعلوم دہشتگردوں نے حملہ کر دیا، گولیاں لگنے سے 2 اہلکار موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ایک شدید زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

فائرنگ کے بعد نامعلوم دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔

دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار معمول کی پٹرولنگ گشت پر تھے کہ دہشتگردوں نے گھات لگا کر موبائل پر حملہ کیا، حملے میں کانسٹیبل اجمل اور سراج شہید جبکہ موبائل افسر مظہر زخمی ہوا۔

مزیدخبریں