فلسطین کے نامور فٹبالر محمد برکت اسرائیل بمباری میں شہید

05:17 PM, 12 Mar, 2024

ویب ڈیسک: فلسطین کے نامور فٹبالر محمد برکت اسرائیل کی جانب سے ان کے گھر پر کی جانے والی بمباری میں شہید ہوگئے۔

رمضان کے بابرکت مہینے میں بھی اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر جارحیت ختم نہ ہوئی، اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر مسلسل حملے کیے جارہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلسطینی فٹبالر محمد برکت غزہ میں جاری جنگ کے دوران خان یونس میں واقع اپنے گھر  پر اسرائیلی بمباری میں شہید ہوگئے۔

محمد برکت نے فلسطین کی نیشنل ٹیم کی نمائندگی کی اور لوکل کلب کی جانب سے بھی میچز کھیلے ہیں۔

محمد برکت کو خان یونس کا لیجنڈ کہا جاتا تھا، انہوں نے اپنے کیریئر میں 114 گول اسکور کیے اور وہ خان یونس یوتھ کلب کے کپتان بھی تھے۔

مقامی فٹبال کلب کے ایک کھلاڑی خالد ابو ہابیل نے محمد برکت کی موت کو فلسطینی فٹبال کے لیے بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ میں ان کے خلاف کھیل چکا ہوں، برکت ہوشیار  اور  بہت تیز  تھے۔

ابو ہابیل جو ایک ڈاکٹر بھی ہیں اور الاقصیٰ شہداء اسپتال میں کام کرتے ہیں، انہوں نےکہا کہ غزہ کی فٹبال کمیونٹی نے جاری جنگ کے دوران بہت کچھ کھویا ہے، ہم مزید اور کتنا نقصان اٹھائیں گے؟

انہوں نے مزید کہا 'میں رنج اور غصے کی کیفیت میں ہوں، محمد برکت ایک لیجنڈ تھے'۔

واضح رہے کہ غزہ سٹی کے شہریوں کے لیے امداد کی فراہمی کو صہیونی فوج نے لگ بھگ منقطع کر دیا ہے اور رفح سے بہت کم ٹرک وہاں امداد لے کر پہنچتے ہیں۔

7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 31 ہزار 45 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 72 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔

مزیدخبریں