ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ پر فیصلے کیخلاف عمران خان کی نظر ثانی اپیل دائر
12:40 PM, 12 May, 2022
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )عمران خان نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کیخلاف عدالتی فیصلے پر نظرثانی اپیل دائر کردی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کیخلاف از خود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی اپیل دائر کردی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپیل میں استدعا کی ہے کہ سپریم کورٹ نے 7 اپریل کو عدم اعتماد کی تحریک پر 9 اپریل کو ووٹنگ کرانےکا حکم دیا، عدالت کےاس فیصلے میں کئی سقم ہیں جن پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ عمران خان کا اپیل میں موقف ہے کہ اسمبلی کی کارروائی کے دوران ڈپٹی اسپیکر نے آئین کے آرٹیکل5 پر عملدرآمد کیا، سربراہ حکومت کا ڈپٹی اسپیکر کے اقدامات سے کوئی تعلق نہیں ہوتا لہٰذا سپریم کورٹ کے 7 اپریل کے فیصلے پرنظرثانی کرتےہوئےکالعدم قراردیا جائے۔