لاہورسمیت مختلف شہروں میں طوفانی بارشیں،محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

08:19 AM, 12 May, 2024

ویب ڈیسک:  لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی جس کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آ گئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں علی الصبح گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، صوبائی دارالحکومت لاہور میں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امر سدھو، گجومتہ، اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن سمیت دیگر مقامات پر کہیں بوندا باندی تو کہیں بادل خوب برسے۔

لاہور کے علاوہ مریدکے، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، صفدر آباد، جڑانوالہ، فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کامونکی، اوکاڑہ، جھنگ، بہاولپور، رینالہ خورد، کوٹ ادو، بھلوال، کبیروالا، حافظ آباد، منچن آباد، شورکوٹ، پاکپتن اور دیگر شہروں میں بھی صبح کے وقت بادل برسے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونے والی بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوش گوار ہو گیا، موسم ٹھنڈا ہونے کی وجہ سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد ، پنجاب،بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی چلنے اور بارش کا امکان ہے ۔

شیخوپورہ: بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے 10 سالہ بچی جاں بحق،7 افراد زخمی

 رپورٹس کے مطابق شیخوپورہ میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے 10 سال کی بچی جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ 

گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 44 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔ سکھر،ڈیرا غازی خان41، حیدر آباد ،ملتان 39، پشاور 37، لاہور، مظفر آباد 36 ،کراچی، اسلام آباد 35، گلگت 31 اور کوئٹہ میں 29 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔

مزیدخبریں