وطن کیلئےجان کا نذرانہ پیش کرنےوالےشہدائےپاکستان کو سلام

11:44 AM, 12 May, 2024

This browser does not support the video element.

پبلک نیوز:شہدائے پاکستان کو سلام،وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔سپاہی حسنین اشتیاق انتہائی نڈر سپاہی تھے جنہوں نے وطنِ عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا۔

تفصیلات کے مطابق سپاہی حسنین اشتیاق نے 1 جون 2023 کو بلوچستان کے علاقے تربت میں دہشتگردوں کیخلاف لڑتے ہوئے دفاع وطن میں جامِ شہادت نوش کیا۔سپاہی حسنین اشتیاق شہید نے سوگواران میں والدین، بیوہ اور ایک بیٹا چھوڑا۔سپاہی حسنین اشتیاق شہید کا تعلق خوشاب سے ہے۔

سپاہی حسنین اشتیاق شہید کے والد نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا بہت فرمانبردار تھا اور ہمارا بہت خیال رکھتا تھا، میرے بیٹے کو بچپن سے فوج میں بھرتی ہونے کا بہت شوق تھا، مجھے اپنے بیٹے پر فخر ہے کہ اس نے ملک اور قوم کے لیے اپنی جان قربان کی، میں اپنے باقی بیٹوں کو بھی ملک پر قربان کرنے کے لیے تیار ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میری دعا ہے کہ اللہ میرے بیٹے کو جنت نصیب کرے اور میرے باقی بیٹوں کو بھی ملک کے لیے قربانی دینے کی ہمت دے، مجھے اپنے بیٹے کی شہادت کا بہت دکھ ہے اور اس کی کمی کوئی بھی پوری نہیں کر سکتا، ہمیں بہت فخر ہے کہ میرے بیٹے نے ملک کی خاطر اپنی جان قربان کی۔

سپاہی حسنین اشتیاق شہید کے والدہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا بہت اچھے اخلاق کا مالک تھا اور سب کو بہت خیال رکھتا تھا، مجھے اپنے بیٹے کی جدائی کا بہت دکھ ہے اور اس کی بہت یاد آتی ہے، میرا پوتا بالکل اپنے والد پر گیا ہے اور میں اس کو اپنے والد کی طرح بہادر بناؤں گی۔

سپاہی حسنین اشتیاق کے بھائی کا کہنا ہے کہ میرا بھائی میرا بہت بڑا سہارا رہا تھا اور میری ہر ضرورت پوری کرتا تھا،میری خواہش ہے کہ میں اپنے بھائی کے نقش قدم پر چل کر ان کا نام روشن کروں،مجھے اپنے بھائی کی کمی بہت محسوس ہوتی ہے۔سپاہی حسنین اشتیاق کی شہادت ہماری آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔

مزیدخبریں