ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی کا سفر ختم، قومی ٹیم دورہ بنگلا دیش کیلئے تیار
08:30 AM, 12 Nov, 2021
دبئی: ( پبلک نیوز) پاکستانی شاہینوں کا ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی کا سفر ختم ہو گیا ہے۔ دورہ بنگلا دیش کے لئے قومی ٹیم آج دبئی سے روانہ ہو گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قومی سکواڈ آج رات 1:45 بجے دبئی سے بنگلا دیش روانہ ہوگا۔ ٹیم میں شمولیت کیلئے افتخار احمد آج سہ پہر 3 بجے دبئی پہنچیں گے۔ سکواڈ بنگلا دیش میں ایک روز قرنطینہ کرے گا۔ اس کے بعد قومی ٹیسٹ سکواڈ 21 نومبر کو لاہور سے بنگلا دیش روانہ ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان سیریز 19 نومبر سے ڈھاکہ میں شروع ہوگی۔ سیریز میں تین ٹی ٹونٹی میچز 19، 20 اور 22 نومبر کو ڈھاکہ میں شیڈول ہیں۔ خیال رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچ میں گزشتہ روز آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے دی تھی۔ قومی ٹیم اس سے پہلے کھیلے گئے ایونٹ کے تمام میچوں میں ناقابل شکست رہی تھی۔