ڈینگی سے 5 پولیس اہلکاروں کا انتقال، تحریک التوا پنجاب اسمبلی میں جمع
08:38 AM, 12 Nov, 2021
لاہور: (پبلک نیوز) ڈینگی مچھر سے پانچ پولیس اہلکاروں کے انتقال کے خلاف تحریک التوا پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔ یہ تحریک التوا مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی ربعیہ نصرت کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ لیگی رکن کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک التوا کے متن میں کہا گیا ہے کہ ناقص سپرے، گندے واش رومز کی وجہ سے تھانوں میں پولیس اہلکاروں کی زندگیاں غیر محفوظ ہو چکی ہیں۔ افسران کی بجائے پولیس اہلکار سب سے زیادہ ڈینگی مچھر سے متاثر ہو رہے ہیں۔ متن میں کہا گیا ہے کہ ڈینگی کے باعث لاہور پولیس کے پانچ اہلکار زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ تھانوں میں صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث ڈینگی کی افزائش ہو رہی ہے۔ ڈینگی سے مرنے والوں میں لایور پولیس کے چار کانسٹیبل اور ایک ہیڈ کانسٹیبل محمد ارشد شامل ہیں۔ ربعیہ نصرت نے کہا کہ پولیس کے اعدادوشمار کے مطابق ڈینگی سے متاثر ہونے والے اہلکاروں کی مجموعی تعداد 225 ہے، ان میں 130 ٹریفک وارڈن بھی شامل ہیں۔ تھانوں کے واش رومز میں صفائی کے نامناسب انتظامات کے باعث پولیس اہلکاروں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔