پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی
05:20 PM, 12 Nov, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز) پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اپوزیشن کے سیاسی معاملات پر گفتگو سے گریز کیا۔ پورے اجلاس میں معیشت مہنگائی اور عوامی ریلیف کے اقدامات زیر بحث رہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کو نہ گھبرانے کا مشورہ بھی دے دیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کل کے میچ میں پر اعتماد ٹیم جیسے ہی خوف کی جانب گئی تو بولنگ غلط ہونے لگی۔ ٹیم آخر تک پر اعتماد رہتی تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔ وزیراعظم نے ویلفیئر کے حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے پر زور دیا۔ انہوں نے ٹیم سے سوال کیا کہ ویلفیئر کے اتنے کام ہو رہے ہیں عوام تک کیوں نہیں پہنچا پا رہے؟ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو آسان الفاظ میں بتائیں کہ حکومت ان کیلئے کیا کر رہی ہیں۔ عام آدمی کا ریلیف حکومت کی توجہ کا مرکز ہونا چاہئیے۔