قوم کے نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں،آرمی چیف

01:55 PM, 12 Nov, 2022

احمد علی
راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قوم کے نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، کھیل کے میدان میں کامیابی کے لئے نوجوانوں کو جدید سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور چھاونی کا الوداعی دورہ کیا، آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور شہدا کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے لاہور گیریزن انسٹیٹیوٹ فار اسپیشل ایجوکیشن کا افتتاح کیا، آرمی چیف نے خصوصی بچوں کے لئے مختلف تعلیمی سہولیات کا بھی معائنہ کیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جدید ترین ہاکی ایرینا کا بھی افتتاح کیا۔ ہاکی ایرینا کے افتتاح کے موقع پر آرمی چیف نے ہاکی لیجنڈز سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قوم کے نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، کھیل کے میدان میں کامیابی کے لئے نوجوانوں کو جدید سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے لاہور کور اور پاکستان رینجرز کے افسروں اور جوانوں سے بھی ملاقات کی، تمام تر مشکلات کے باوجود فرض کی ادائیگی پر آرمی چیف نے فوجی افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف نے مادر وطن کے دفاع کے لئے فوجی دستوں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا ، لاہور آمد پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سلمان فیاض غنی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
مزیدخبریں