وسیم اکرم نے بلی کے بال کٹوانے پر پونے 2 لاکھ روپے خرچ کردیے

06:28 PM, 12 Nov, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اپنی پالتو بلی کی حجامت پر پونے 2 لاکھ روپے خرچ کردیے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان او ڈی آئی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں قومی ٹیم کی یادگار فتح کے موقع پر کمنٹری پینل میں بیٹھے وسیم اکرم نے اپنے ساتھ پیش آنے والا یہ دلچسپ قصہ سنایا۔

سوئنگ کے سلطان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے اپنے ساتھی کمنٹیٹرز کو ہنستے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنی بلی کے بال ترشوانے کے لیے 1000 آسٹریلین ڈالرز ( پونے 2 لاکھ پاکستانی روپے) خرچ کردیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 'میں کل اپنی بلی کے بال کٹوانے گیا تھا، مجھے اس کے لیے 1000 آسٹریلین ڈالرز ادا کرنے پڑے، انہیں پہلے بلی کو آرام سے رکھا، اسے مطمئن کیا، پھر اسے کھانا بھی کھلایا'۔

وسیم اکرم نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'اتنے پیسوں میں پاکستان میں تقریباً 200 بلیوں کے بال کٹوائے جاسکتے ہیں'۔

صورتحال کو مزید مضحکہ خیز بناتے ہوئے وسیم اکرم نے اپنی بلی کی حجامت کی رسید بھی ساتھی کمنٹیٹرز سے شیئر کر دی، جس کی تفصیلات پڑھ کر تینوں کمنٹیٹرز ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوگئے۔

رسید میں میڈیکل چیک اپ کے لیے 105 آسٹریلین ڈالرز اور اینستھیزیا کے لیے 305 آسٹریلین ڈالرز جیسے اخراجات شامل تھے جبکہ بال کٹوانے کی اصل فیس محض 40 آسٹریلین ڈالرز تھی۔

مزیدخبریں