یواین انڈر سیکرٹری کی آرمی چیف سے ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو
12:33 PM, 12 Oct, 2022
راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے مطابق اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جین پیئر، لیکروکس، اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل ڈیپارٹمنٹ آف پیس کیپنگ آپریشنز (یو ایس جی ڈی پی او) نے جی ایچ کیو کادورہ کیا، اس دوران مہمان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، آرمی چیف نے اقوام متحدہ کی بنیادی اقدار کو فروغ دینے اور بحرانوں کے دوران ان کے ردعمل میں انڈر سیکرٹری کے دفتر کے کردار کو سراہا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے معززین نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کی شراکت اور انسداد دہشت گردی میں غیر معمولی کامیابیوں کا اعتراف کیا، اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر بھی دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔