پاکستان کی غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کی مذمت،ترجمان دفتر خارجہ
03:14 PM, 12 Oct, 2023
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتا ہے، غزہ میں شہری آبادی کونشانہ بنایا گیا، معصوم بچے ،خواتین شہید ہوئیں، نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی طرف سے زمین تنگ کی جارہی ہے،اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سیز فائر کی بھرپور کوشش کرے۔ اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے، حریت جماعتوں پر بھارتی حکومت پابندیاں لگا رہی ہے، کشمیریوں کو مرضی کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہئے۔ ممتاززہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتا ہے، غزہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، اور ان حملوں میں خواتین اور بچے بھی شہید ہوئے، نہتے فلسطینیوں پر زمین تنگ کی جارہی ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ مشرق وسطی میں امن وقت کی اہم ضرورت ہے، اقوام متحدہ غزہ میں سیز فائر کی بھرپور کوشش کرے، غذائی اشیاء روکنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ چینی صدر کی دعوت پر وزیراعظم انوارالحق کاکڑ چین گئے ہیں، جہاں وہ بی آر ایف کی تقریب سے خطاب کریں گے، اور چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کریں گے۔